مرکزی مواد پر جائیں

حماس کا یومِ غضب کا اعلان، مسجد اقصیٰ کی حمایت میں جمعہ کو عالمی احتجاج

·۱۸ دن پہلے

👈 حماس نے جمعہ کو القدس اور مسجد اقصیٰ کی حمایت میں یومِ غضب کا اعلان کیا ہے، جبکہ کراچی میں فلسطین فاؤنڈیشن کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ بھی طلب کیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے نصابی کتب سے فلسطین کے حوالے اور "مسلمان کبھی یروشلم (بیت المقدس) کو نہیں چھوڑیں گے" کا جملہ حذف کر دیا ہے، اور غزہ پر قابض اسرائیل کی جانب سے مسلط نسل کشی کی جنگ میں تین سال بعد ملبے سے نکالی گئی 50 شہداء کی لاشوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جن میں 19 بچے شامل تھے۔

🔶 اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مسجد اقصیٰ کو نذرِ آتش کیے جانے کے 57ویں سالانہ موقع پر فلسطینی عوام، عرب و اسلامی امت اور دنیا بھر کے آزاد لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کل بروز جمعہ کو قدس، غزہ، مغربی کنارے اور فلسطین کے تمام قومی مسائل سے اظہارِ حمایت، غم و غصے اور وفاداری کے دن میں تبدیل کریں۔ حماس نے مختلف ممالک، دارالحکومتوں اور عوامی مقامات پر فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مسجد اقصیٰ فلسطین اور امتِ مسلمہ کے دل میں ہمیشہ موجود رہے گی، جبکہ اس کی اسلامی شناخت کو مٹایا یا ختم نہیں کیا جا سکتا۔

🔶 حماس کے مطابق مسجد اقصیٰ کو نذرِ آتش کرنے کا جرم قابض، جارح اور نسل پرست رجیم کی جانب سے اس مقدس مقام کے خلاف مسلسل اور بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جو آج بھی اسے یہودیانے، مسجد پر کنٹرول مسلط کرنے اور اسکی تقسیم کی کوششوں کی صورت میں جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی عوام کی ثابت قدمی کے باعث یہ منصوبے کامیاب نہیں ہوں گے اور قابض رجیم کے حملے اور جرائم اسے کوئی قانونی جواز فراہم نہیں کر سکتے۔

🔶 حماس نے مسجد اقصیٰ کی موجودہ خطرناک صورتحال اور اسے منہدم کرنے و یہودیانے کے مبینہ منصوبوں سے خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس سالانہ موقع کو قدس اور اسکے باشندوں کی دوبارہ حمایت، حملوں، آبادکاری، جبری بے دخلی اور جبر کے مقابلے اور مسجد اقصیٰ پر زمانی و مکانی تقسیم مسلط کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔ حماس نے کہا کہ وہ مسجد اقصیٰ، شہداء کے خون، قیدیوں کی قربانیوں اور قدس، غزہ و مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کی ثابت قدمی سے اپنے عہد پر قائم ہے، اور فلسطینی عوام کی آزادی اور اپنی سرزمین و مقدسات کو قبضے سے آزاد کرانے تک مزاحمت جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔

🔶 کراچی پریس کلب میں یومِ دفاع مسجد اقصیٰ کے لیے احتجاجی مظاہرہ

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے بروز جمعہ 21 اگست کو کراچی پریس کلب میں شام 04:30pm بجے مرکزی احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی دینی اور انسانی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس مظاہرے میں شرکت کو یقینی بنائیں۔

🔶 سعودی عرب کی نصابی کتب سے "مسلمان کبھی یروشلم نہیں چھوڑیں گے" کا جملہ حذف

سعودی عرب نے اپنی اسکولی نصابی کتب سے "مسلمان کبھی یروشلم نہیں چھوڑیں گے" کا جملہ حذف کر دیا ہے، ساتھ ہی فلسطین کے حوالوں اور متعدد اسلامی تعلیمات میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اسرائیلی تحقیقی گروپ Impact-se نے ان تبدیلیوں کو مثبت پیش رفت قرار دیا، جبکہ یہ بھی نوٹ کیا کہ سعودی نصابی کتب نے 2024-2025 کے ایڈیشنز میں نقشوں سے فلسطین کا لیبل بھی ہٹا دیا ہے۔

🔶 غزہ میں ۵۰ شہداء کی اجتماعی نمازِ جنازہ، تین سال بعد ملبے سے نکالے گئے

جمعرات کو الشفا میڈیکل کمپلیکس میں 50 فلسطینی شہداء کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جن کا تعلق الصوافیری، البطنطیجی اور کرم خاندانوں سے تھا اور یہ بڑے شیطان امریکہ، اسکی ناجائز اولاد اسرائیل، منافق یورپ اور خیانتکار عربوں کی معاونت اور سہولت کاری سے مسلط کی گئی، جنگ کے ابتدائی دنوں میں اسرائیلی مجرمانہ حملوں میں شہید ہوئے تھے۔ سول ڈیفنس ٹیموں نے حالیہ دنوں میں ان شہداء کی لاشیں ملبے سے نکالیں جبکہ صہیونی محاصرے کے باعث کئی ہزار فلسطینی ابتک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جو بھاری مشینری دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مسلسل تاخیر کا شکار ہیں۔ ان میں 19 بچے شامل تھے۔ گرمی کے باوجود سڑکوں پر لوگوں کی قطاریں تھیں، جو تصاویر اٹھائے ہوئے تھے اور شہریوں کو خراج تحسین پیش کر رہے تھے۔ اس سے دو ہفتے قبل 112 شہداء کی اسی طرح تدفین کی گئی تھی، اور خیال ہے کہ ہزاروں مزید لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، جبکہ انہیں نکالنے میں مشکلات جاری ہیں۔

شیئر کریں

WhatsAppFacebookTwitter / X

تبصرے

ابھی کوئی تبصرہ نہیں۔ پہلے آپ لکھیں!

تبصرہ کرنے کے لیے لاگ ان کریں